اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق بحران زدہ افریقی ملک لیبیا کی پارلیمان نے عبداللہ الثنی کو دوبارہ وزیراعظم نامزد کیا ہے۔ یہ ایسی صورت میں ہے کہ جب دارالحکومت طرابلس اور وہاں واقع امریکی سفات خانے پر ڈان آف لیبیا نامی ملیشیا کے اتحاد نے قبضہ کیا ہوا ہے۔
لیبیا کی عبوری حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملیشیا نے حکومت کے ہیڈکوارٹرز کا گھیراؤ کر لیا اور ملازمین کو عمارت کے اندر داخل نہیں ہونے دیا۔ انھوں نے وزراء اور ان کے نائبین کو بھی قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتی دفاتراب دارالحکومت کے نواح میں منتقل کردیے گئے ہیں اور حکومت وہاں اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ طرابلس میں گذشتہ ہفتوں کے دوران دو مسلح گروپوں کے درمیان خونریز لڑائی کے بعد نومنتخب پارلیمان اور حکومت کو دور دراز واقع مشرقی شہر تبروک میں منتقل کردیا گیا تھا۔
عبداللہ الثنی کو مارچ میں ملک کا وزیراعظم منتخب کیا گیا تھا لیکن ان کے انتخاب کو ایوان نمائندگان کی ایک متوازی اور حریف پارلیمان نے چیلنج کیا تھا اور انھیں اور ان کا انتخاب کرنے والے ایوان نمائندگان کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
.....
/169